بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ ایران اور اِس کے غیر ریاستی عرب اتحادیوں کی بات کی جائے تو عمومی طور پر یہ تصور پایا جاتا ہے کہ تہران ہی اُن کا مرکزی سرپرست ہے، جو اِنہیں مالی وسائل، ہتھیار، تربیت، تکنیکی مہارت اور نظریاتی رہنمائی فراہم کرتا ہے اور اُن کی ہر سرگرمی کا رُخ متعین کرتا ہے۔ ایران کے مرکزی کردار میں خاصی حقیقت موجود ہے تاہم یہ تصور کہ لبنان میں حزب اللہ، غزہ میں حماس اور یمن میں انصار اللہ محض ایرانی طاقت کی توسیع ہیں، درحقیقت اُن کی تاریخ کے ایک اہم پہلو کو نظرانداز کرتا ہے۔
حصۂ دوئم:
اِس کا مقصد محض میزائلوں کو چھپانا نہیں تھا بلکہ ممکنہ دشمنوں کو یہ باور بھی کرانا تھا کہ ایران تباہ کُن حملوں کا سامنا کرنے کے باوجود جوابی کارروائی کرنے کی صلاحیت برقرار رکھ سکتا ہے۔ یہ سوچ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی وسیع تر حکمتِ عملی یعنی غیر مرکزی یا موزائیک دفاع سے بھی مطابقت رکھتی تھی، جس کا مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ بڑے فوجی کمانڈ مراکز یا تنصیبات تباہ ہونے کے باوجود فوجی کارروائیاں جاری رکھی جا سکیں۔
تاہم ایران کی زیرِ زمین تنصیبات کبھی ناقابلِ تسخیر نہیں رہیں۔ اسرائیلی اور امریکی حملے ملک کے میزائل ڈھانچے کی کمزوریاں سامنے لائے ہیں اور اب اِن تنصیبات پر خرچ کیے گئے بھاری وسائل کے حوالے سے سوالات اُٹھنے لگے ہیں، جن کی نشاندہی اور اِنہیں نشانہ بنانا اب بھی ممکن ہے۔
غزہ کی سرنگیں
فلسطینی تجربہ شاید اِس دلیل کو سب سے واضح انداز میں چیلنج کرتا ہے کہ تہران نے زیرِ زمین جنگ کی مشترکہ حکمت عملی ایجاد کی اور پھر اسے دوسروں تک منتقل کیا۔
غزہ کے سرنگوں کے نیٹ ورک کی ابتدا 1980 کی دہائی کے اوائل میں رفح سے جوڑی جا سکتی ہے، جب مصر اور اسرائیل کے زیرِ قبضہ غزہ کی پٹی کے درمیان سرحد نے فلسطینی خاندانوں اور برادریوں کو ایک دوسرے سے جدا کر دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق، ابتدائی سرنگوں میں سے بعض لوگوں کو دوبارہ آپس میں ملانے اور سامان کی نقل و حرکت ممکن بنانے کے لئے کھودی گئی تھیں۔
بعد ازاں سمگلنگ ایک بڑی سرگرمی بن گئی، خصوصاً اُس وقت جب پابندیوں میں مزید سختی آئی۔ صدی کے اختتام کے قریب جب حماس اور دیگر فلسطینی مسلح گروہوں نے سرنگوں کو جنگی مقاصد کے لئے استعمال کرنا شروع کیا تو یہ طریقہ پہلے ہی رائج ہو چکا تھا۔
دوسری انتفاضہ نے سرنگوں کی فوجی اہمیت میں مزید اضافہ کیا۔ اِن سرنگوں نے فلسطینی جنگجوؤں کو ہتھیاروں اور اہلکاروں کی نقل و حرکت، اسرائیلی نگرانی سے بچنے اور مضبوط فوجی ٹھکانوں پر حملے کرنے کے مواقع فراہم کیے۔ سال 2005 میں غزہ سے اسرائیل کے انخلا اور بالخصوص سال 2007 میں حماس کے اقتدار سنبھالنے کے بعد عائد کی گئی ناکہ بندی کے نتیجے میں زیرِ زمین ڈھانچہ اِس تحریک کی بقا کے لئے مزید اہم ہو گیا۔
ایران نے بلاشبہ حماس کی فوجی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد دی۔ تہران نے اِسے ہتھیار، تربیت اور تکنیکی معاونت فراہم کی، جس میں میزائلوں اور راکٹوں کی تیاری سے متعلق معلومات بھی شامل تھیں۔ ایرانی حکام خود بھی اِس بات کی اہمیت تسلیم کر چکے ہیں کہ اتحادیوں کو تیار شدہ ہتھیار فراہم کرنے کی بجائے انہیں ہتھیار بنانے کی تکنیکی مہارت منتقل کی جائے۔
یہ دعوے بھی سامنے آئے ہیں کہ ایرانی معاونت حماس کی سرنگوں کی دوبارہ تعمیر اور اِن میں بہتری لانے تک پھیلی ہوئی تھی۔ تاہم دستیاب شواہد غزہ کے زیرِ زمین نیٹ ورک کی ابتدا یا اس کے ڈیزائن کے مقابلے میں ہتھیاروں کی تیاری کے شعبے میں ایرانی معاونت کے حوالے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔
فلسطینی جنگجوؤں کو سرنگوں کے فوجی فوائد سمجھنے کے لئے ایرانی تربیت کی ضرورت نہیں تھی۔ اُن کے حالات نے خود اِس حکمتِ عملی کو تقریباً ناگزیر بنا دیا تھا۔ غیر معمولی تکنیکی برتری رکھنے والی اسرائیلی فوج کے مقابلے میں زیرِ زمین پناہ گاہیں اور نقل و حرکت منظم جنگی قوت برقرار رکھنے کے چند دستیاب طریقوں میں سے ایک تھی۔
حزب اللہ کی سرنگیں
لبنان کی صورتِ حال اِس سے مختلف ہے۔ حزب اللہ کا زیرِ زمین فوجی ڈھانچہ اسرائیل کے ساتھ اُس کی طویل کشمکش کے نتیجے میں پروان چڑھا، خصوصاً 1982 سے 2000 تک جنوبی لبنان پر اسرائیلی قبضے کے دوران۔ اِس علاقے کے دشوار گزار پہاڑی جغرافیے نے خفیہ ٹھکانے بنانے کے مواقع فراہم کیے جب کہ اسرائیلی فضائی طاقت نے حزب اللہ کو اپنے جنگجوؤں، ہتھیاروں اور مواصلاتی نظام کو محفوظ بنانے پر مجبور کیا۔
سال 2000 میں اسرائیل کے انخلا کے بعد حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں مضبوط فوجی ٹھکانوں اور زیرِ زمین بنکروں کا اپنا نیٹ ورک مزید وسیع کیا۔ سال 2006 کی جنگ تک اسرائیلی افواج کو ایسے حریف کا سامنا تھا جس نے کئی برسوں سے دفاعی پوزیشنیں اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کی تنصیبات تیار کر رکھی تھیں۔
اِس معاملے میں ایرانی مداخلت کے شواہد زیادہ مضبوط ہیں۔ حزب اللہ کے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ساتھ حماس یا حوثیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ گہرے اور طویل فوجی تعلقات رہے ہیں۔ ایرانی مالی معاونت، تربیت اور تکنیکی مدد نے اُسے ایک گوریلا تحریک سے ایسی تنظیم میں تبدیل کرنے میں مدد دی جو اسرائیل کے ساتھ طویل فوجی تصادم کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایران کی ایک شخصیت اس بات کی مثال پیش کرتی ہے کہ شہری تعمیرِ نو اور فوجی تعاون کس طرح ایک دوسرے سے جڑے ہو سکتے ہیں۔ حسن شاطری، جو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے انجینیئر تھے اور حسام خوش نویس کے نام سے کام کرتے تھے، ایران عراق جنگ کے دوران اور اِس کے بعد کئی برس تک فوجی انجینیئرنگ کے منصوبوں پر کام کرتے رہے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ